پاکستانی فلم’’سات دن محبت ان‘‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی

ْفلم میں ماہرہ خان اور شہریار منور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں‘فلم عیدالفطر پر ریلیز ہو گی

جمعرات 10 مئی 2018 12:17

پاکستانی فلم’’سات دن محبت ان‘‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستانی فلم ’’سات دن محبت اِن‘‘ کے پہلے ٹریلر کے ریلیز ہوتے ہی شائقین اس کی ریلیز کا انتظار بھی بے صبری سے کرنے لگ گئے ۔فلم میں ماہرہ خان اور شہریار منور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ یہ 2018 کی پہلی کامیڈی فلم کے طور پر بھی سامنے آنے والی ہے۔اس فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا، جسے دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ فلم کے مرکزی کردار آپس میں کیسے ملتے ہیں یا ان کا آپس میں تعلق کیسے قائم ہوتا ہے۔

پہلے ٹیزر کے بعد یہ اندازے بھی غلط ثابت ہوتے دکھائی دیتے ہیں کہ فلم میں جاوید شیخ منفی کردار میں نظرآئیں گے، کیوں کہ فلم کے گزشتہ ماہ 17 اپریل کو جاری کیے گئے ٹیزر میں بظاہر انہیں منفی کردار میں دکھایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ٹریلر میں جاوید شیخ کو منفی انداز میں دکھائے جانے کے بجائے انہیں جن اور بھوت کے کردار میں دکھایا گیا ہے، جو بظاہر فلم کے مرکزی ہیرو یعنی شہریار منور کو مشوروں سے بے وقوف بناتے یا پھر زیرو سے ہیرو بناتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

فلم کے ٹریلر کی ریلیز کے فوری بعد ہی سوشل میڈیا پر شائقین نے اس کی تعریفیں شروع کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ فلم کے ٹریلر نے ماضی کی محبت کا تازہ کردیا۔جبکہ انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان اور شہرہار منور فلم میں جادو کرتے نظر آئیں گے۔خیال رہے کہ فلم میں میرا سیٹھی، آمنہ الیاس، عامر قریشی، حنا دلپذیر اور عدنان شاہ ٹیپو بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

رومانٹک کامیڈی فلم کی ہدایات کامیاب پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ کے مینو گور اور فرجاد نبی دی ہیں، جب کہ فلم کی موسیقی نامور موسیقارارشد محمود، شجاع حیدر اور شانی ارشد نے ترتیب دی ہے۔فلم ایک نوجوان لڑکے یعنی ٹیپو کی کہانی ہے جو کراچی کے ہجوم میں اپنی محبت کی تلاش میں سرگرداں ہے، ہر رومانوی کہانی کی طرح اس لڑکے کو بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، جسے پار کرکے اسے اپنی منزل حاصل کرنی ہوگی۔فلم کا اسکرپٹ فصیح باری خان نے تحریر کیا ہے۔رومانٹک کامیڈی فلم کو رواں برس عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا۔