عام انتخابات 2018 : الیکشن کمیشن نے واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ منگوا لیا

کاغذ کی درآمد پر 1 ارب سے زائد کے اخراجات آئے ہیں‘چھپائی پر مزید1ارب روپے خرچ ہونگے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 مئی 2018 13:24

عام انتخابات 2018 : الیکشن کمیشن نے واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 مئی۔2018ء) عام انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن نے واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ منگوا لیا، مخصوص کاغذ کی درآمد پر 1 ارب سے زائد کے اخراجات آئے ہیں، عام انتخابات میں سیکورٹی فیچرز والے واٹر مارک بیلٹ پیپر استعمال کیے جائیں گے۔واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے منگوایا گیا ہے،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر کا مخصوص کاغذ فرانس اور برطانیہ سے درآمد کیا گیا۔

بیلٹ پیپر کی چھپائی پر بھی 1 ارب سے زائد اخراجات آئیں گے، عام انتخابات میں 21 کروڑ کے قریب بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے۔21 کروڑ بیلٹ پیپر کی مکمل تیاری پر 2 ارب سے زائد کے اخراجات ہوں گے،واٹر مارک بیلٹ پیپر قومی اسمبلی کے لیے سبز، صوبائی اسمبلی کے لیے سفید ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایک نجی ٹی وی جانب سے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کو شفا ف بنانے کیلئے انتخابی عملے سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے ، انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کرنے سے پہلے انتخابی عملے سے حلف لیا جائے گا- الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کردہ پرفارما پر حلف لیا جائے گا جس میں عملے کو انتخابی قانون 2017 پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی جائے گی جبکہ کسی نوعیت کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی بھی کی جائے گی۔واضح رہے 85 سے 90 ہزار پولنگ سٹیشنز پر تعینات انتخابی عملہ کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے، جس میں عملے کو انتخابی قانون 2017 کی متعلقہ شقوں کے حوالے سے آگاہی دی جارہی ہے جبکہ انتخابی عمل کے حوالے سے خصوصی کتابچے بھی شائع کئے جائیں گے تاکہ آگاہی کو یقینی بنایا جا سکے۔