Live Updates

مریم نواز شریف مستقبل کی بڑی لیڈر ہوں گی‘ ان کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا‘ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا‘ پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کو بھی احترام دیا جائے

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان کا قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں اظہار خیال

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

اسلام آباد۔ 10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف مستقبل کی بڑی لیڈر ہوں گی‘ ان کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا‘ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا‘ پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کو بھی احترام دیا جائے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں میاں عبدالمنان نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا‘ ہم عدلیہ اور فوج کا احترام کرتے ہیں‘ پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کو بھی احترام دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اصلی اور جینوئن سیاسی جماعتوں کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ہم اپنے اپنے حلقوں اور علاقوں میں جارہے ہیں اور لوگ ہمارا فیصلہ کریں گے کہ ہم نے عوام کے لئے کچھ کیا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو توڑنے میں ناکامی کے بعد گولی کی زبان میں بات ہو رہی ہے اور وزیر داخلہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو کوئی روک نہیں سکتا‘ وہ مستقبل کی وزیراعظم اور لیڈر ہے۔

انہوں نے بجٹ میں زراعت سمیت کئی شعبوں کے لئے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے ملک میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ برآمدات بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ‘ ملک میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے فنڈز میں اضافہ خوش آئند ہے۔ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے اور نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبے مکمل یا تکمیل کے قریب ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات