11شادیاں کرنیوالی خاتون کو بھیانک سزا دیدی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 17:07

11شادیاں کرنیوالی خاتون کو بھیانک سزا دیدی گئی
صومالیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : صومالیہ میں ایک خاتون کو متعدد شوہر رکھنے پر سنگسار کر دیا گیا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شکری عبداللہی وارسیم نامی خاتون پر اپنے سابقہ خاوندوں کو طلاق دیے بغیر 11 شادیاں کرنے کا الزام عائد تھا۔ صومالیہ کے جنوبی قصبے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سرگرم شدت پسند تنظیم کے جنگجوؤں نے مذکورہ خاتون کو ایک گڑھے میں گردن تک زندہ دفن کرنے کے بعد اسے پتھر مار کر ہلاک کر دیا۔

خیال رہے کہ مذکورہ شدت پسند تنظیم شرعی قانون کی سخت تشریح کرتی ہے۔صومالیہ کا بڑا علاقہ اسی شدت پسند تنظیم کے زیرِ اثر ہے ۔ یہ تنظیم دارالحکومت موغادیشو میں قائم مرکزی حکومت کو ختم کرنے کے لیے اکثر حملے کرتی رہتی ہے۔ یہ تنظیم صومالیہ میں ’مغرب نواز‘ حکومت کا تختہ الٹ کر شریعت کا نفاذ کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

لوئر شیلیل کے گورنر ممحد ابو اسامہ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا شکری عبداللہی اور اس کے قانونی شوہر سمیت نو دیگر شوہروں کو عدالت میں لایا گیا تھا اور ان میں سے ہر ایک نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر یہی کہا وہ اس کی بیوی ہے۔

اسلامی قانون کے تحت ایک خاتون کے ایک سے زیادہ شوہر ہونا غیر قانونی ہے جبکہ مردوں کو چار بیویاں رکھنے کی اجازت ہے۔ سرگرم شدت پسند تنظیم کی ویب سائٹ کے مطابق جب شکری عبداللہی کو دارالحکومت موغادیشو کے جنوب مغرب میں واقع عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ ’صحت مند‘ تھیں۔ جس کے بعد انہیں ایک سے زائد شوہر رکھنے کے الزامات پرمجرم قرار دیا گیا۔ بی بی سی کی صومالی سروس کے مووید حاجی عبدی نے کہا کہ صومالیہ میں طلاقیں عام ہیں لیکن اس معاملے کی تفصیلات غیر معمولی ہیں۔ خیال رہے کہ اسلام میں خواتین کو ایک وقت میں ایک شوہر رکھنے کی اجازت ہے جبکہ مرد کو اجازت ہے کہ وہ بیک وقت چار خواتین کو اپنے نکاح میں رکھ سکتا ہے۔