اب قوم پرستوں کی سیاست سے عوام اچھی طرح واقف ہوگئے ہیں، میر عبدالقدوس بزنجو

پارٹی کا مقصد صوبے میں بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنا ہے ،وزیراعلی بلوچستان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 10 مئی 2018 18:48

اب قوم پرستوں کی سیاست سے عوام اچھی طرح واقف ہوگئے ہیں، میر عبدالقدوس ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ اب قوم پرستوں کی سیاست سے عوام اچھی طرح واقف ہوگئے ہیں ہماری پارٹی کا مقصد صوبے میں بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنا ہے ،بلوچستان کے حقوق کیلئے صوبے میں بسنے والے تمام اقوام کو ساتھ لیکر چلنا چاہیے اور ہم اس پر عملدرآمد کرینگے ،ہم نے لسانیات کی تفریق کو ختم کرنا ہے ،انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز وزیراعلی ہائوس میں سابقہ صوبائی وزیر (ر) کیپٹن عبدالخالق اچکزئی کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،وزیراعلی بلوچستان نے کہاکہ ہمیں ملکر بلوچستان اور پاکستان کی خدمت کرنا ہوگی ،اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سرپرست اعلی سابقہ صوبائی وزیر سعید احمد ہاشمی نے کہاکہ کچھ دنوں کے بعد پارٹی کے الیکشن کرائے جائیں گے اور پارٹی الیکشن کے بعد جماعت کو الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرکرائی جائے گی اور اسکے بعد عام انتخابات میں حصہ لیا جائے گا ،سابقہ صوبائی وزیر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں نے عوام کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ،مسلم لیگ (ن) نے خود کو لاہور تک محدود کیا ہے ،آنیوالے انتخابات میں ہم بھر پورا نداز میں حصہ لیں گے اور صوبے میں حکومت بنائیں گے ۔