سرفراز کو میچ فکسنگ پر اکسانے والے عرفان انصاری کے خلاف چارج شیٹ جاری

آئی سی سی نے شارجہ کے کرکٹ آرگنائزر کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے 14روز کے اندر جواب طلب کرلیا

جمعرات 10 مئی 2018 19:39

سرفراز کو میچ فکسنگ پر اکسانے والے عرفان انصاری کے خلاف چارج شیٹ جاری
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے شارجہ کے کرکٹ آرگنائزر عرفان انصاری کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے 14روز کے اندر جواب طلب کرلیا۔یہ وہی عرفان انصاری ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر گزشتہ برس پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ پر اکسانے کی کوشش کی تھی۔عرفان انصاری کے خلاف کھلاڑیوں کو اکسانے اور عدم تعاون پر چارج شیٹ جاری کی گئی ہے، ان پر کوڈ آف کنڈیکٹ کی 2 شقوں کی 3 بار خلاف وزری کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ عرفان انصاری کے ایک کلب اور انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے اینٹی کرپشن کا کوڈ لاگو ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عرفان انصاری کے خلاف چارج شیٹ کا تعلق میچ فکسنگ کے لیے کپتان سرفراز احمد کو اکسانے کے حوالے سے ہے۔واضح رہے کہ سرفراز احمد کو عرفان انصاری نے مبینہ طور پر گزشتہ سال اکتوبر میں اسپاٹ فکسنگ پر اکسایا تھا، لیکن سرفراز احمد نے فوری طور پر پی سی بی کو اس بارے میں مطلع کردیا تھا۔آئی سی سی کے مطابق پہلے اکتوبر 2017 اور بعدازاں فروری 2018 میں عرفان انصاری نے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ تعاون نہیں کیا جس کی وجہ سے ان پر اس شق کی 2 بار خلاف ورزی کا الزام ہے۔