پاکستان انجینئر نگ کونسل کی اعلی سطحی ٹیم کا گومل یونیورسٹی کادورہ ، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کااظہار

جمعرات 10 مئی 2018 20:26

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان انجینئر نگ کونسل کی اعلی سطحی ٹیم نے گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے فیکلٹی کی مزید بہتری کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ہے گومل یونیورسٹی کے دورے پر آئی پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ٹیم نے کنوینر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نصیرالدین گوہر نمل کالج میانوالی۔

ٹیم ممبرز انجنیئر پروفیسر ڈاکٹر کامران لیاقت بھٹی این ایف سی ملتان اور انجینئر محمد ارقم جمال خان نے انچارج پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف کے ہمراہ فیکلٹی کے کلاس رومز۔ لیبارٹریوں اور دیگر سہولیات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا انہوں نے فیکلٹی کے اساتذہ اور طلبہ سے بھی ملاقات کی اور وہاں دستیاب تعلیمی اور انتظامی سہولیات کا معائینہ کیا۔

(جاری ہے)

ٹیم کے ممبران نے گومل یونیورسٹی کے رجسٹرار دل نواز خان سے ملاقات کی جس میں رجسٹرار نے انہیں بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں فیکلٹی آف انجینئرنگ کے لیئے علیحدہ بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہے تین اساتذہ کو پی ایچ ڈی کے لیئے بیرون ملک بھجوایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جدید ترین آلات کی فراہمی کے ساتھ تدریسی عملہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیئے یونیورسٹی انتظامیہ مختصر المدتی اور طویل المدتی منصوبوں پر کام کررہی ہے اور طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انجینئرنگ کونسل کی ٹیم نے رجسٹرار کے اقدامات کوانتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے انہیں نہ صرف سراہا بلکہ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔