سپریم کورٹ نے، بچوں کے اغواء میں اضافے سے متعلق کیس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری

چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جیز کو بھی نوٹس جاری ، جواب طلب

جمعرات 10 مئی 2018 21:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے بچوں کے اغواء میں اضافے سے متعلق کیس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دئیے،عدالت نے چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جیز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوے جواب طلب کر لیا ہے ۔جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں بچوں کے حقوق سے متعلق درخواست پرجسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ ہر سال سینکڑوں بچوں کو اغوا کر کے سمگلنگ اور بھیک مانگنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ملک میں بچوں کے حوالے سے صورتحال ہر روز ابتر ہو رہی ہے۔حکومت پاکستان نے اس حوالے سے بین الاقوامی چارٹر میں بھی شامل ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس گمشدہ ہونے والے بچوں کے اعداد وشمار تک نہیں۔حکومت بچوں کے معاملے میں اپنی ذمہ داری نہیں نبھا رہی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اور لائحہ طلب کرے۔سپریم کورٹ کی جانب سے وفاق اورصوبائی حکومتوں سمیت صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جیز کو نوٹس جاری کر کہ جواب طلب کر لیا گیا۔