نوجوان پوری امت کا اثاثہ ہیں ،علم کے ہتھیار سے لیس ہو کر ہی جدید چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ، مشتاق احمد ایڈووکیٹ

جمعرات 10 مئی 2018 23:42

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) سابق وزیر قانون و امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوان پوری امت کا اثاثہ ہیں ، ترقیاتی منصوبوں سے جہاں خوشخالی آئیگی وہاں تہذیبی تبدیلی بھی آئیگی ،ان حالات میں اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اسلامی تہذیب کو بر قرار اور عام کرنے کے لیے سربکف رہیں ،اسلامی جمعیت طلبہ اسلامی اقدار اور نوجوانوں کی کردار سازی کا واحد ادارہ ہے،علم کے ہتھیار سے لیس ہو کر جدید چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ گلگت کے زیر اہتما م تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان حساس خطہ ہے یہاں کے نوجوان با صلاحیت ہیں وہ اپنی صلاحیتوں کو اپنے خطے کی ترقی اور اس کو اسلامی بنانے میں اپنا کردارادا کریں ،تعلیم کے حصول کے لیے اپنا وقت متعین کریں اور ساتھ ساتھ اہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں ،کالجز اور یونیورسٹی کے ماحول کو تعلیمی اور اسلامی بنائیں تا کہ بچے اطمینان کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں ،انہوں نے کہاکہ حکومت طلبہ یونینز کو بحال کر ے تا کہ قوم کو نئی لیڈر شپ فراہم ہوسکے خطے میں لیڈرشپ کی نرسری یاتو بلدیاتی ادارے ہیں یا یونیورسٹیز میں یونینز ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مغرب نے ہمارے نوجوانوں اور خواتین کو ہدف بنا کر بے راہ ور کرنے کے لیے وسائل جھونکے ہوئے ہیں ہم نے مغربی تہذیبی یلغار کا بھی مقابلہ کرنا ہے اور اسلامی تہذیب بھی عام کرنی ہے انہوں نے کہاکہ طلبہ جدید دور کے جدید چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو برئوے کار لائیں ۔