سرکاری ملازمین حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،حکومت نے ہمیشہ ملازمین کے فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے، وزیراعلیٰ بلو چستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ایپکا کے وفد سے بات چیت

جمعہ 11 مئی 2018 00:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدر داد محمد بلوچ کی قیادت میں ایپکا کے وفد سے بلوچستان کے ملازمین کو درپیش مسائل کے سلسلے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومتی مشینری کو چلانے میں ان کا اہم کردار ہے اور موجودہ حکومت نے ہمیشہ ملازمین کے فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے۔

انہوں نے ایپکا کے صوبائی صدر داد محمدبلوچ اور وفد میں شامل صوبائی سینئر نائب صدرمحمد یونس خان کاکڑ، ایڈیشنل سیکرٹری علی نواز شاہوانی، صوبائی پریس سیکرٹری غلام سروسر مینگل، ایپکا کوئٹہ کے صدر رحمت اللہ زہری اور جام ثناء اللہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے تمام جائز مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایپکا کے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان اور وزیر اعلیٰ کے میڈیا ایڈوائزر محمد بلال خان کاکٹربھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام مطالبات کا جائزہ لیتے ہوئے خصوصی طور پربلوچستان بھر کے گریڈ 1سے 15 تک تمام ٹیکنیکل سٹاف/ نان ٹیکنیکل سٹاف اسسٹنٹ کمپیوٹر آپریٹر ، کمپیو ٹر آپریٹر ، سٹینو گرافر ، سٹور کیپر ، اکاؤنٹس کلرک / اکاؤنٹس اسسٹنٹ ، اکاؤٹنٹ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ۔

دیگر مطالبات کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی مطالبات کا جائزہ لے کراپنی سفارشات پیش کرے گی جن کی روشنی میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ایپکا بلو چستان کے صوبائی صدر نے جاری احتجاجی تحریک کو مؤخر کرنے کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق 11مئی بروز جمعہ بجٹ سیشن کے دوران صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا شامل تھا۔ دادمحمد بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کاخصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ملازمین کے مسائل پر خصوصی دلچسپی لے کر دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لئے احکامات جاری کرکے ملازمین کے دل جیت لئے ۔

وزیرا علیٰ کے اقدامات سے ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوئی اور ان کے جائز حقوق ان مل گئے ۔ داد محمد بلوچ نے حکومت اور ایپکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لئے بزرگ سیاسی رہنما سعید احمد ہاشمی، مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔