چوتھی پیزا ہٹ بیچ گیمز( کل) اتوار سے شروع ہوںگی

جمعہ 11 مئی 2018 11:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے کہا ہے کراچی چوتھے پیزا ہٹ بیچ گیمز میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ’’ سینٹ اینڈ واٹر سائیکل ریسز ‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے شروع ہونے والی گیمز (کل) اتوار سے شروع ہونگی۔

مشترکہ جاری بیان میں عابد علی ایڈووکیٹ اور ملک کلیم احمد اعوان نے کہاکہ جوش وولولے اور سنسنی خیزی لئے تین مختلف سائیکل ریسوں کا انعقاد ہوگا جس میں پانی میں 5کلومیٹر اسپرنٹ ریس ، 1کلومیٹر واٹراینڈ سینٹ سرکل ریس اور 1کلومیٹر واٹر اینڈ سینٹ زگ زیگ ریس شامل ہیں ۔ کراچی کے چاروں ڈویژن کے 8منتخب سائیکلسٹوں میں احسان اللہ ، ایم اکرم بلوچ، محمد حسین بلوچ، ماسٹر رحیم بلوچ، ایم ظہیر خان، محمد اکبر بلوچ، حبیب اللہ اور سراج بلوچ شامل ہیں جب کہ اسٹینڈ بائی میں بابو بلوچ، محمد علی بلوچ اور عرفان بلوچ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

عابد علی ایڈووکیٹ نے انٹرنیشنل سائیکلنگ کوچ اور کراچی ویسٹ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر جمعہ خان بلوچ کو ریس کا چیف جج مقرر کیا ہے جب کہ دیگر ججز میں خان محمد بلوچ، محمد رفیق ، ملک نعیم اعوان، ملک فہیم اعوان اور عر فان حنیف شامل ہیں۔ کلیم اعوان کی نگرانی میں سائیکلسٹوں کی بھر پور ٹریننگ کلفٹن کے ساحل پر زور و شور سے جاری ہے۔