واشنگٹن میں پاکستانی عملے پر امریکی پابندیاں لاگو،

25میل سے باہر نہیں جاسکیں گے وزارت خارجہ اور پاکستان میں امریکی سفارت خانے معاملے کو دیکھ رہا ہے ،امید ہے حل میںمددملے گی،اعزازچوہدری

جمعہ 11 مئی 2018 13:55

واشنگٹن میں پاکستانی عملے پر امریکی پابندیاں لاگو،
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چودھری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے سفارتی عملے پر پابندیوں کا اطلاق جمعہ 11 مئی سے ہوگیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستانی سفیر نے یہ بات امریکی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں دو طرفہ تعلقات کے لیے فائدہ مند نہیں ہوں گی لیکن بحرحال یہ امریکی حکومت کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ پاکستان میں امریکی سفارت کار بھی کچھ علاقوں میں نہیں جاتے جس کی وجہ سیکیورٹی ہے کیونکہ ان کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت پاکستان پر ہے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اور پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے درمیان ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے جس سے یہ امید ہے کہ اس مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب کوئی ایک ملک اس طرح کی پابندیاں لگاتا ہے تو اس سے دوسرے ملک کو بھی ویسے ہی اقدامات اٹھانے کے لیے دباؤ بڑھتا ہے جو دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے۔پابندیوں کے مطابق پاکستانی سفارتی اہلکار سفارتخانے سے 25 میل کے فاصلے کے اندر رہیں گے اور اگر اٴْنہیں 25 میل سے باہر جانا ہو تو امریکی محکمہ خارجہ سے خصوصی اجازت حاصل کرنا لازمی ہو گا۔