پشاور ،ْ بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق ،ْ دو ز خمی

دھماکا بارودی مواد کا نہیں گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے ،ْ اے آئی جی

جمعہ 11 مئی 2018 13:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بلال ٹاؤن کے آفندی ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جہاں قیام کرنے والے ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں کامران، اس کی بیوی، والدہ اور دو بچے شامل ہیں ،ْ زخمی ہونے والے دو بچے کامران کے بھتیجے ہیں۔

سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان نے بتایا کہ متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کی غرض سے پشاور آیا تھا اور ہوٹل میں قیام پذیر تھا جب کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دونوں بچے بھائی ہیں۔ سی سی پی او پشاور کے مطابق ہوٹل کی پانچویں منزل پر کمرہ نمبر 408 میں دھماکا ہوا جس کے باعث گھر میں آگ لگی اور ملبہ گرنے سے ہوٹل سے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انچارج بم ڈسپوزل یونٹ اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا تھا کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔اے آئی جی شفقت ملک نے کہا کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ پکانے کے لیے سلنڈر جلایا گیا تو دھماکا ہوا اور آگ لگنے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔

ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں گیس لیکج دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ،ْ دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 2 بھائی ہیں جن کا علاج جاری ہے، متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کیلئے پشاور آیا تھا۔