پاکستان کوسٹ گارڈزکی کارروائی لاکھوں روپے مالیت کی شراب برآمد

جمعہ 11 مئی 2018 15:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارراوئی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی شراب برآمد کرلی۔ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق خفیہ زرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں جس نے زمینی اور ساحلی علاقوں کو مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کردی، گزشتہ رات موبائل گشت کے دوران پسنی کے قریب کلمت کے ساحل سمندر پر ایک لانچ اور ٹرک کو قبضہ میں لے کر لاکھوں روپے کی شراب برآمد کرلی۔ خدشہ ہے کہ یہ شراب کی کھیپ اندورن ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی شراب کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً لاکھوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ واضع رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔