مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرا دی

پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی نرگس علی کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان، ہم نے ہمیشہ نیک نیتی سےعوام کی خدمت کی۔چودھری شجاعت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 مئی 2018 18:58

مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرا دی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11مئی 2018ء) : مسلم لیگ ق نے خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرا دی ہے،پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی نرگس علی کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، ق لیگی قیادت نے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سے پاکستان تحریک انصاف کی رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی محترمہ نرگس علی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

نرگس علی کا تعلق پشاور سے ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کے صدر محبوب اللہ جان اور خواتین ونگ کی صدر محترمہ فرخ خان بھی موجود تھیں۔ چودھری شجاعت حسین نے محترمہ نرگس علی کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ نیک نیتی سے پاکستان اور عوام کی خدمت کی ہے، کر رہے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے، ہم پاکستانیت کا جذبہ اور مسلم لیگ کا ذہن رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر کردار ادا کیا جائے اس مقصد کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخواہ میں پاکستان مسلم لیگ دن بدن فعال اور مضبوط ہو رہی ہے۔ محترمہ نرگس علی نے کہا کہ وہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ کی عوامی خدمات اور خلوص سے متاثر ہو کر اس میں شامل ہو رہی ہیں۔ واضح رہے عام انتخابات 2018ء کے پیش نظر ہوا کا رخ دیکھ کر ٹکٹ اور اقتدار کے لالچی سیاسی پرندوں نے وفاداریاں بدلنا شروع کردی ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں حقیقی مقابلہ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کی جیت نظر آتے ہی متعدد سیاسی رہنماء اپنی اپنی پارٹیاں چھوڑ کرپی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔