Live Updates

تحریک انصاف کا جلسہ زرداری اینڈ کمپنی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،ڈاکٹر عارف علوی

آج کی عظیم الشان جلسے میں اپنے عمران خان کو سننے کے لیے اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ بھرپور شرکت کریں،مرکزی رہنماتحریک انصاف

جمعہ 11 مئی 2018 23:13

تحریک انصاف کا جلسہ زرداری اینڈ کمپنی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،ڈاکٹر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج کراچی شہر میں ہونے والا تحریک انصاف کا جلسہ زرداری اینڈ کمپنی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ کراچی کے شہری آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ کبھی بھی نہیں آزمائیں گے جو گزشتہ تیس پینتیس سال سے مسلسل اقتدار میں ہیں انہوں نے کراچی شہر کو ترقی اور خوشحالی کی بجائے پستی اور تباہی کی طرف دھکیلا ہے۔

اس شہر میںمفاد پرست سیاستدانوں نے لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کی جس کی وجہ سے کراچی شہر روشنیوں کی بجائے تاریکی میں ڈوبا۔ یہ باتیں انہوں نے جلسے کے حوالے سے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں لوگوں میں ہینڈ بل تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ثمر علی خان، ڈاکٹر سیما ضیاء، سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ، افتخار فاروقی، طاہر ملک، مراد شیخ، سعدیہ آغا، ادیبہ عارف حسن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

چیئرمین عمران خان آج اس عظیم الشان جلسے میں اہلیان کراچی کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ شہر قائد مسائل کے دلدل میں دھنسا ہوا ہے ۔ اس دلدل سے نکالنے کے لیے کراچی کو قومی دھارے میں لانا ہوگا اور اِس وقت اس شہر کو اور اس ملک کو اس مسائل کے دلدل سے صرف چیئرمین عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔ میں اہلیان کراچی سے اپیل کرتا ہوں کہ آج کے اس عظیم الشان جلسے میں اپنے قائد عمران خان کو سننے کے لیے اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ بھرپور شرکت کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تبدیلی کی فضا بن چکی ہے۔ اب عمران خان کو انشاء اللہ وزیر اعظم بننے سے دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی۔ شریف خاندان اور زرداری خاندان سے اس قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا اور جنہوں نے اس ملک کے وسائل لوٹے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانا تحریک انصاف کی اوّلین ترجیح ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات