کوئٹہ ،اختلاف رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے لیکن اختلاف رائے کی بنیاد پر جوتا ،ْچاقو اور گولی کا کلچر ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جائے گا،مولانا محمد وزیر القادری

وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ قابل مذمت ہے مذہبی اداروں کا نا م لیکر لوگوں کو گولیاں مارنے کی مذمت کرتے ہیں ، صدر تحریک لبیک بلوچستان

جمعہ 11 مئی 2018 23:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) تحریک لبیک بلوچستان کے صدر شیخ الحدیث و بزرگ عالم دین معروف قبائلی شخصیت سردار مولانا محمد وزیر القادری رضوی نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ملک پاکستان اسلامی جمہوریہ ملک ہے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ قابل مذمت ہے مذہبی اداروں کا نا م لیکر لوگوں کو گولیاں مارنے کی پُر زور مذمت کرتے ہیں اسلام انسانیت کی تذلیل کی اجازت نہیں دیتا نارووال میں ہونے والے واقعہ پر اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ نبی کریم ؐ کی ناموس کی خاطر جان بھی قربان ہے اگر کو ئی شخص ناموس رسالت کی آڑ میں ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرے تو وہ غلط ہے انہوں نے کہا کہ تشدد سوچ رکھنے والے سیاستدان یا مذہبی لیڈر ہیں ہم اس کے خلاف ہیں ہم قانون کا احترام کرتے ہیں ہمارے ملک میں عدالتیں انصاف کرتی ہیں ہمیں قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے یہ ملک ہمارا ہے اس میں ہم نے امن قائم رکھنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں انتہا پسندی اور عدم برداشت وائرس کی طرح پھیل رہا ہے جس کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ اختلاف رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے لیکن اختلاف رائے کی بنیاد پر جوتا ،ْچاقو اور گولی کا کلچر ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جائے گا یہ وطن عزیز صوفیا ء کرام کا مسکن ہے اور صوفیا کرام نے ہمیشہ پیار امن محبت کا درس دیا ہے ۔قانون ہاتھ میں لینے والوںکو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور سخت سزا دی جائے