جنوبی پنجاب میں صوبہ محاذ مفاد پرستوں کا محاذ ہے، آزاد علی تبسم

ہفتہ 12 مئی 2018 16:50

لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہاہے کہ ملتان کے کامیاب جلسے کے بعد جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو حقیقت کا علم ہوگیا ہے ، جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کا ہر جلسہ کامیاب ہوا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) آج بھی مقبول ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ یہاں کے عوام مسلم لیگ (ن) سے محبت کرتے ہیں ،جنوبی پنجاب صوبہ محاذ مفاد پرستوں کا محاذ ہے ، اس محاذ میں شامل لوگ اپنے مفاد حاصل کرنے کے لئے شامل ہوئے ہیں ، وزیر اعلی پنجاب محمدشہبازشریف کے دور میں جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور یہاں خوشحالی کی نئی لہر نے جنم لیا ہے ،انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کرنے کی کوشش کی وہ عام انتخاب میں مسترد ہوجائیں گے ،عام انتخاب میں مسلم لیگ میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ۔