تاپی منصوبے کا افتتاح مزید کچھ ماہ کیلئے ملتوی کردیا گیا

ہفتہ 12 مئی 2018 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (تاپی) پر مشتمل 56 انچ قطر کی 780 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کے منصوبے کا افتتاح مزید کچھ ماہ کے لیے ملتوی کردیا گیا، واضح رہے اس منصوبے پر کام کا آغاز گزشتہ برس دسمبر میں شروع کیے جانے کا امکان تھا۔وزارت توانائی کے ذیلی شعبے انٹرا اسٹیٹ گیس سسٹم (آئی ایس جی ایس) کے عہدیدار نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے کے پیش نظر افتتاح کو ملتوی کیا گیا اور اس منصوبے سے منسلک افراد اسے عبوری حکومت کے دور میں شروع ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایس جی ایس کے اعلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم رواں ماہ اس منصوبے کا آغاز کرنا چاہتے تھے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی اس میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن بعد ازاں اسے کچھ عرصے کے لیے ملتوی کرنے کا ارادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ملتوی کرنے کا ارادہ اس لیے کیا گیا کہ اس وقت افتتاح کرنے سے یہ ابہام پیدا ہورہا تھا کہ حکومت اپنے آخری دنوں میں یہ منصوبہ شروع کر کے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہ رہی ہے۔

واضح رہے کہ منصوبے کے آغاز کے حوالے سے ڈان کو اس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اسے گزشتہ برس فروری میں شروع کرنے کا بتایا تھا، جو بعدازاں دسمبر تک ملتوی کیا گیا۔علاوہ ازیں منصوبے پر کام کا آغاز نہ ہونے کے پیچھے کئی وجوہات کارفرما ہیں جس میں ابتدائی کاموں کا ادھورا ہونا، روٹ، جیو ٹیکنیکل، ریڈار سروے وغیرہ کی تکمیل نہ ہونا شامل ہے جبکہ دوسری جانب افغانستان دو ماہ قبل ہی اس کا افتتاح کرکے کام کا آغاز کرچکا ہے۔۔