مرکز نورشاہ میں گندم خریداری کا ہد ف مقررہ مدت کے دوران حاصل کر لیا جائے گا، کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 21:06

چیچہ وطنی۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء)گندم خریداری مرکز نورشاہ میں گندم خریداری کا 8ہزار میٹرک ٹن کا ہد ف مقررہ مدت کے دوران حاصل کر لیا جائے گا جہاں 1375کسانوں نے باردانہ کے لئے درخواستیں دیں-سنٹر پر روزانہ 20سی30زمیندار گندم فروخت کرنے کے لئے آتے ہیں جن سے کم سے کم وقت میں تمام ضروری کارروائی کر کے گندم مقررہ 13سو روپے فی من کے حساب سے خریدی جا رہی ہے -یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کو سنٹر کے دورے کے دوران سنٹر انچار ج نے بتائی -ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس اور اے سی آر محمد ارشد وٹو بھی ان کے ہمراہ تھے -کمشنر نے سنٹر پر موجود زمینداروں سے گندم خریداری عمل کے بارے میں دریافت کیا جنہوں نے بتایا کہ نئے سسٹم کے تحت گندم خریداری کا عمل مکمل طور پر شفاف طریقے سے جاری ہے ،انہوں نے فی ایکٹر 8بوری باردانہ کو کم قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اسے دوبارہ 10بوری فی ایکٹر کیا جائے جس پر کمشنر علی بہادرقاضی نے یقین دلایا کہ اس مطالبے کو صوبائی حکومت سے اٹھایا جائے گا تا کہ کسانوں کی مزید گندم خریدی جا سکے -انہوںنے خریداری مہم کے دوران کمی کی شرح اور وزن کرنے کا عمل بھی دیکھا او رکسانوں سے آراء لیں جنہوں نے تمام عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔