آنے والا دور متحدہ مجلس عمل کا ہے لوگوں کیجوق درجوق شمولیت اس کا واضح ثبوت ہے ، حافظ حشمت خان

ہفتہ 12 مئی 2018 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی وسا بق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہا ہے کہ آنیوالا دور متحدہ مجلس عمل کا ہے، اس میں لوگوں کا جوق درجوق شامل ہونا ایک واضح علامت ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے طاغو تی قوتوں پر لرزہ طاری ہے 13مئی کو لاہور مینار پاکستان میں ہونیوالا جلسہ عام ملکی ، سیاست کا رخ بدل دیگا آج کا جلسہ سنگ میل ثابت ہوگا آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے دیگر جماعتوں پر سبقت حاصل کریگی۔

وہ ہفتے کو یونین کونسل چغرمٹی اور کافور ڈھیری سفید سنگ میں شمولیتی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی این اے 27حاجی ہدایت اللہ خان ، جنرل سیکرٹری سید عثمان ، جمعیت علماء اسلام ف کے مقامی رہنما مولانا اسد اللہ خان ، مقصود خان نائب امیر ، مقامی امیر ساجد خان ، گوہر خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

حافظ حشمت خان نے کہاکہ ایک اسلامی فلاحی مملکت کا خواب ہماری منزل ہے اور انشاء اللہ یہ بہت جلد ایم ایم اے کی حکومت کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوگا دینی جماعتوں کا یہ اتحاد ملک وقوم کے لیے نیک شگون ہے عوام اس کو ہر فورم پر پوری طرح پزیرائی بخشے اور عوام میں اس کو ہردلعزیز بنانے کے لیے پوری تندہی سے کام کریں۔

اس موقع پر سابق ناظم نصیب خان ، عثمان خان ، ملک منظورعلی ، ڈاکٹر بختیار ،ملک اورنگزیب خان اور دیگر درجنوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔