تھانہ سائٹ Aکی انوسٹی گیشن ٹیم نے 9 ماہ کی اغوا شدہ بچی کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کر لیا

ہفتہ 12 مئی 2018 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) تھانہ سائٹ Aکی انوسٹی گیشن ٹیم نے 9 ماہ کی اغوا شدہ بچی کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق طفلہ مرحبا عمری 9ماہ کو علاقہ تھانہ سائیٹ A باوانی چالی سے مورخہ 29 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا۔ ملزم فیصل سمیر ولد شمس الدین شیخ اور اس کی زوجہ ملزمہ سیما فیصل سمیر نے نہایت ہی چالاکی اور حکمت عملی سے اغوا کیا۔

ملزم فیصل اور اس کی بیوی نے بچی کے ماں باپ سے گھریلو تعلقات بنائے ۔ وہ اکثر مدعی مقدمہ حبیب زادہ ولد محمد زادہ جو کے رینٹ اے کار کا کام کرتا تھا سے گاڑی کرائے پر لے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ بچی کو گھمانے پھرانے کی ضد کرتے اور گھما پھرا نے کے بعد واپس دے جاتے تھے۔ مورخہ 29اپریل کو ملزمان نے بچی کو گھمانے پھرانے کا کہہ کر گھر سے لے گئے اور موبائل فون بند کر دیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف تھانہ سائٹA میں ایف آئی آر نمبر 143/18 بجرم دفعہ 364A/34 تعزیرات پاکستان درج کی گئی ہے۔ملزمان نے اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے استعمال شدہ موبائل فون بند کر دیے تھے۔ ملزمان کو جدید تکنیک کی مدد سے تفتیشی ٹیم نے گرفتار کیا۔ ملزمان کو11مئی کو لکی گیٹ تھانہ شکار پور کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن ویسٹ ون ذیشان شفیق صدیقی صاحب نے انچارج انوسٹی گیشن سائٹ اے اور اس کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔