بٹگرام میں صاف پانی کے حصول کیلئے مکینوں کا سروں پر پانی کے مٹکے رکھ کرانوکھا احتجاج

ہفتہ 12 مئی 2018 21:40

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) بٹگرام میں صاف پانی کے حصول کیلئے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی جانب سے انوکھا احتجاج دیکھنے میں آیا، مکین اپنے سروں پر پانی کے مٹکے اور برتن اٹھا کر احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر صاف پانی کی فراہمی سے متعلق مختلف نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کچہری پارک میں احتجاجی کیمپ لگا دیا۔ انور فراز اور دیگر کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی سکیم کیلئے چندہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، منتخب نمائندگان سے مایوس ہو کر پانی کی سکیم کیلئے ملک گیر چندہ مہم چلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ضلع بٹگرام کے پسماندہ ترین علاقہ کولئی، حافظ آباد اور شبورہ کے مکین پینے کے صاف پانی کے حصول کیلئے اپنے سروں پر مٹکے اور پانی کے برتن اٹھائیں انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر پانی کی فراہمی سے متعلق مختلف نعرے درج تھے۔ کچہری روڈ پر مارچ کرتے ہوئے مظاہرین نے مقامی منتخب نمائندگان کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ اکٹھا کرنے کی غرض سے کچہری پارک کے مقام پر احتجاجی کیمپ لگایا جہاں پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور پانی کی سکیم کیلئے چندہ مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔

احتجاجی کیمپ کی قیادت کرنے والے انور فراز اور محمد نواز نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے علاقوں کیلئے پانی کے سکیم پر چار کروڑ روپے لاگت آئے گی، ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت چندہ مہم کے ذریعہ اپنے علاقوں کیلئے واٹر سپلائی سکیم تعمیر کریں گے اور مقامی قیادت کو آمدہ انتخابات میں ووٹ نہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :