جلسوں‘ریلی یاکارنر میٹنگ کے انعقاد کیلئے متعلقہ سیاسی جماعت کو تین چارروزقبل اجازت لینا ہو گی، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 23:49

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نویداور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں جلسوں ، ریلی یا کارنر میٹنگ کے انعقاد کیلئے متعلقہ سیاسی جماعت کے صدر یا جنرل سیکرٹری تین/چار روز قبل حسب ضابطہ اجازت لینے کے پابند ہونگے ، جلسہ /کارنر میٹنگز میں آنے والے تمام افراد کی تلاشی لی جائے گی اس سلسلہ میں میٹل ڈی ٹیکٹر ،سی سی ٹی وی کیمرہ جات اور واک تھرو گیٹ نصب کروانے اور رضا کار مہیا کرنے کے علاوہ دیگر سیکیورٹی کے انتظامات متعلقہ سیاسی و مذہبی جماعت کے ذمے ہونگے ۔

یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سے بسلسلہ سیاسی سرگرمیاں 17نکاتی ضابطہ اخلاق برائے جلسہ جات/کارنز میٹینگر و ریلی جات برائے پولٹیکل پارٹیز کے حوالے سے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اے سی ڈی جنرل میثم عباس، رہنما پی ایم ایل این سید شجاعت علی پاشا، رہنما پی ٹی آئی عمر فاروق ڈار ، علامہ احمد مصدق قاسمی،رہنمامسلم لیگ ق صدف بٹ ،حافظ اصغر علی چیمہ ، رہنما پی پی پی اظہر دیال، جماعت اسلامی ، جمعیت علماء اسلام پاکستان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں نے شرکت کی ۔

ڈی سی نے کہاکہ شہر کی پُر امن فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں وضع کردہ قوانین پر من عن پابندی کریں اور کوئی عمل تحریراًًیا تقریراًًنہ کیا جائے جس سے عوام الناس یا دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں متاثر ہوں۔