میڈیا کے بدلتے منظرنامے میں بھی پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کا کردار قائدانہ رہا جس نے نہ صرف آرٹسٹ مہیا کئے بلکہ جتنے بھی نجی ٹی وی چینلز ہیں ان میں پی ٹی وی کے چہرے موجود ہیں، وزارت اطلاعات کے قلمدان کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی کو فعال بنایا اور ملک کی پہلی فلم پالیسی متعارف کرائی ہے جس سے مستقبل میں فلمی صنعت اور اس سے وابستہ فنکاروں کو فائدہ ہو گا، پی ٹی وی کی بہتری کیلئے ایم ڈی پی ٹی وی احمد نواز سکھیرا کی کاوشیں قابل تعریف ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی میں میک اپ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 01:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا کے بدلتے منظرنامے میں بھی پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کا کردار قائدانہ رہا جس نے نہ صرف آرٹسٹ مہیا کئے بلکہ جتنے بھی نجی ٹی وی چینلز ہیں ان میں پی ٹی وی کے چہرے موجود ہیں، وزارت اطلاعات کے قلمدان کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی کو فعال بنایا اور ملک کی پہلی فلم پالیسی متعارف کرائی ہے جس سے مستقبل میں فلمی صنعت اور اس سے وابستہ فنکاروں کو فائدہ ہو گا، پی ٹی وی کی بہتری کیلئے ایم ڈی پی ٹی وی احمد نواز سکھیرا کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی میں میک اپ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات نے کورس مکمل کرنے والے آرٹسٹوں اور ملک کے ممتاز میک اپ ڈایزائنر طارق امین کو تربیتی کورس مکمل کرانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ طارق امین پاکستان کی پہچان ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی کو فعال بنانے میں ڈائریکٹر اکیڈمی رفعت نذیر کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں اکیڈمی کی حالت زار ناقابل بیان تھی لیکن آج پی ٹی وی اکیڈمی ایک فعال ادارہ بن چکی ہے اور میک اپ تربیتی کورس کی تکمیل اس بات کا ثبوت ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ تربیتی عمل کا یہ تسلسل اسی طرح برقرار رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویڑن نے فنکار اور فن سے وابستہ افراد کو جو شناخت دی وہ آج بھی اس کا طرہٴ امتیازہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویڑن کے کارکنان پر زور دیا کہ پی ٹی وی پاکستان کی پہچان ہے اور رسائی کے اعتبار سے تمام چینلز سے آگے ہے، اس کی منفرد حیثیت اور پہچان کو برقرار رکھنے اور اس کی بہتری کیلئے خلوص نیت سے کام کریں تاکہ پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔

ادارہ منافع بخش ہو گا تو پی ٹی وی اپنی روایات کو برقرار رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 15 مئی کو نیشنل آئیکون ایوارڈ منعقد کرانے جا رہے ہیں جس سے فن اور فنکاروں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے جو ذمہ داری سونپی تھی اسے بطور احسن ادا کیا اور پاکستان ٹیلی ویڑن کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے، پاکستان کی فلم پالیسی چھوڑ کر جا رہی ہوں جس سے فنکاروں اور فلمی صنعت کو فائدہ ہو گا۔ تقریب سے پی ٹی وی ٹریننگ اکیڈمی کی سربراہ رفعت نذیر اور ممتاز ڈایزائنر طارق امین نے تربیتی پروگرام کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ آخر میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تربیتی کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔