وزارت اطلاعات و نشریات کی نئی ویب سائیٹ " گیٹ وے ٹو پاکستان " ہے ،وزارت اطلاعات سے متعلقہ اداروں کی معلومات،دنیا کی نامور لائبریریوںکے لنکس بھی موجود ہونگے ،ویب سائیٹ سے طلباء ،ملکی و غیر ملکی سیاح ،مستفید ہو سکتے ہیں،

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا وزارت اطلاعات و نشریات کی نئی ویب سائیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 01:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات و نشریات کی نئی ویب سائیٹ کو " گیٹ وے ٹو پاکستان " قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ پر وزارت اطلاعات سے متعلقہ اداروں کی معلومات اور دنیا کی نامور لائبریریوںکے لنکس بھی موجود ہونگے ،ویب سائیٹ سے طلباء اور ملکی و غیر ملکی سیاح مستفید ہو سکتے ہیں۔

وہ ہفتہ کو پی آئی ڈی میں وزارت اطلاعات و نشریات کی نئی ویب سائیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔پی آئی او سلیم بیگ ،ڈپٹی ایم ڈی پی ٹی وی ظہور برلاس،وزارت اطلاعات و نشریات کے سائبر ونگ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے باقاعدہ بٹن دبا کر وزارت اطلاعات ونشریات کی نئی ویب سائیٹ WWW.MOIB.GOV.PK کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات سے متعلقہ اداروں کی معلومات ایک ویب سائٹ پر دستیاب ہونگی،ویب سائٹ کو دنیا کی نامور لائبریریوں سے منسلک کیا گیا ہے،وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ویب سائٹ کے آرکائیو کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ویب سائیٹ سے طلبا بھی مستفید ہو سکتے ہیں،ویب سائیٹ پر سیاحت کے حوالے سے بھی لنک ہوگا جس سے ملکی اور غیر ملکی سیاح بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر آئین پاکستان سے متعلق مکمل معلومات موجود ہیں۔قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ سے متعلق معلومات ویب سائٹ پر موجود ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق ہر قسم کی معلومات فراہم کی گئی ہیں،بیرون ملک سے پاکستان آنیوالے افراد کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ویب سائٹ بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے بل سے متعلق معلومات بھی ویب سائٹ سے منسلک کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بل سے متعلق قوانین کو آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا، وفاقی وزیر نے کہا کہ اطلاعات کمیشن کی تشکیل سے متعلق سمری بھی وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے۔یہ ویب سائیٹ دنیا بھر کیلئے پاکستان کا گیٹ وے ہے جو جدید دور کی تمام ضروریات کو پورا کرتی ہے اور دنیا بھر کے عوام کو آسان انداز میں تفصیل کے ساتھ معلومات فراہم کرتی ہے،ویب سائیٹ پر رکھے گئے آن لائن ٹیکسٹ آڈیو اور ویڈیو جو ڈائون لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں،اطلاعات ،تعلیم اور تفریحی مواد کے بارے میں مکمل آگاہی دیتے ہیں۔

یہ ویب سائیٹ قومی تاریخ اور پاکستان کے ادبی ورثہ کو بھی تفصیل کے ساتھ پیش کرتی ہے مزید ویب سائیٹ پر ایک ونڈو کے ذریعے وزارت اور اس کے مختلف محکمہ جات تک بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔یہ ویب سائیٹ منسٹری کے سائبر ونگ نے تیار کی ہے جس میں مقامی افرادی اور فنی وسائل کو استعمال میں لایا گیا ہے۔ویب سائیٹ ایک ای لائبریری تک رسائی بھی فراہم کرتی ہے جس میں تصویری اور ویڈیو گیلریز موجود ہیں۔