کنگنا رناوٹ نے بالآخر عامر خان سے مدد مانگ لی

پہلی بار عامر خان اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم کو پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے

اتوار 13 مئی 2018 11:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ جو ماضی میں یہ کہ چکی ہیں کہ وہ بولی وڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ فلمیں کرنے کی خواہش نہیں رکھتیں۔کنگنا رناوٹ کے مطابق وہ بولی وڈ خانز کے ساتھ فلموں میں کام کرکے نمائشی اداکارہ نہیں بننا چاہتیں، کیوں کہ ان کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا۔

شاید اسی وجہ سے ہی کنگنا رناوٹ نے ماضی میں سلمان خان کے ساتھ ’سلطان‘ میں بھی کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔لیکن اب اطلاعات ہیں کہ کنگنا رناوٹ نے اپنی فلم کی کامیابی اور نئی فلم بنانے کے لیے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ سے مدد طلب کرلی۔دکن کیرونیکل نے ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں کنگنا رناوٹ نے اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا‘ کے پروڈیوسر کمال جین کے ساتھ عامر خان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران کنگنا رناوٹ نے عامر خان سے اپنی فلم کو چین میں ریلیز کرنے سے متعلق نہ صرف مشورے مانگے بلکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بھی مدد طلب کی۔ساتھ ہی اس ملاقات میں دونوں اداکاروں کے درمیان مبینہ طور پر ایک اور فلم بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں کنگنا رناوٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ عامر خان اور کنگنا رناوٹ کی ملاقات کے بعد یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ جلد ہی دونوں اداکار پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمال جین کے توسط سے عامر خان اور کنگنا رناوٹ کے درمیان ایک نئی فلم بنانے پر بات چیت ہوئی، جسے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ پروڈیوس کریں گے۔اطلاعات ہیں کہ پہلی بار عامر خان اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم کو پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔