بھارتی ریاست مغربی بنگال میں مقامی پنچایت کے انتخابات کے موقع پر تشدد کے واقعات میں کم از کم آٹھ افراد قتل

پیر 14 مئی 2018 17:04

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں مقامی پنچایت کے انتخابات کے لئے پولنگ کے موقع پر تشدد کے واقعات میں کم از کم آٹھ افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تشدد کے ایک واقعہ میں ترنمول کانگرس کے کارکنوں نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے ایک کارکن کے گھر کو نذر آتش کر دیا جس کے نتیجہ میں گھر کے مکین میاں بیوی جل کر ہلاک ہوگئے۔

اس علاقہ میں ترنمول کانگرس کے ایک کارکن کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ نادیہ ضلع کے علاقہ شانتی پورہ میں ایک پولنگ سٹیشن پر قبضہ کرنے والے ترنمول کانگرس کے طالب علم رہنما کو مقامی افراد نے تشدد کرکے قتل کر دیا۔ مرشد آباد کے علاقے میں بی جے پی کا کارکن بم دھماکے میں مارا گیا۔مرشد آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک آزاد امیدوار کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

کوچ میں ایک پولنگ سٹیشن پر بم دھماکے کے نتیجے میں بیس افراد زخمی ہوگئے۔تشدد کے ایک واقعہ میں پانچ صحافی زخمی ہو گئے اور مشتعل افراد نے ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔پولیس نے متعدد مقامات پر ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے درجنوں شیل فائر کئے۔کئی پولنگ سٹیشنوں پر مسلح افراد نے انتخابی عملہ سے بیلٹ باکس چھین کر انہیں نذر آتش کر دیا۔