دریائے نیلم میں ڈوبنے والی ساہیوال میڈیکل کالج کی تین طالبات میں سے ایک کی نعش کی شناخت کرلی گئی

پیر 14 مئی 2018 18:34

ساہیوال۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سانحہ وادی نیلم میں ساہیوال میڈیکل کالج کی تین طالبات دریا میں ڈوب گئیں ‘ایک کی نعش شناخت کرلی گئی جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کو وادی نیلم میں لکڑی کا پل ٹوٹنے کے باعث ساہیوال میڈیکل کالج کے متعدد طلبہ دریا میں ڈوب گئے جن میں سے تین طالبات زخمی ہو ئیں جنہیں سی ایم ایچ داخل کرادیاگیاہے، تین طالبات میںسے ریشم کی نعش کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ آمنہ کوثراور امتل مصور کی تلاش کیلئے پاک آرمی اور دیگر ٹیمیں سرگرم ہیں۔

ساہیوال میڈیکل کالج کی پریس ریلیز کے مطابق طلبہ سیرو تفریح کیلئے وادی نیلم گئے ہوئے تھے اور لکڑی کے پل پر طالب علموںکی ایک بڑی تعداد اکٹھی ہوگئی جس کے باعث پل ٹوٹ گیا۔ پرنسپل میڈیکل کالج نے آزاد کشمیر حکومت اور مقامی اداروںسے رابطے شروع کردیئے ہیں جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد ندیم کی سربراہی میں وارڈن گرلز ہاسٹل ‘ڈاکٹر حمیرا رحمن اورچیف سکیورٹی آفیسر میجر محمد اشرف پر مشتمل ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔