Live Updates

لاہور،پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس ،نواز شریف کے حالیہ بیانیہ پر مذمتی قرار داد پیش کرنے کی اجازت نہ دینے پر پنجاب اسمبلی مچھلی منڈی کی شکل اختیار کرگیا

اپوزیشن ارکان اسمبلی کی نواز شریف کے خلاف نعرے بازی ، سپیکر کے ڈائس کا گھیرائو کر لیا

پیر 14 مئی 2018 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس اس وقت مچھلی منڈی کی شکل اختیار کر گیا جب تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی کے بعد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پوائنٹ آف آرڈر پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ بیانیہ پر مذمتی قرار داد پیش کرنے کی اجازت طلب کی، جس پر سپیکر نے انہیں قرارداد پیش کرنے سے روک دیا، جس پر اپوزیشن ارکان اسمبلی نے نواز شریف کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی، سپیکر کے ڈائس کا گھیرائو کر لیا اور صوبائی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کی کاپیاں پھاڑ کر سپیکر کی طرف پھینکتے رہے، جس پر حکومتی بنچوں سے بھی پی ٹی آئی کے سربراہ کے خلاف نعرے بازی شروع ہو گئی، اس دوران اپوزیشن کے ارکان اسمبلی ’’مودی کا جو یار ہے، غدار ہے‘‘ نواز شریف کو پھانسی دو سمیت دیگر نعرے لگاتے رہے جبکہ حکومتی بنچوں سے چار سے پانچ مخصوص خواتین عمران خان جھوٹا ہے کے نعرے بلند کرتی رہیں، رانا ارشد حکومتی ارکان اسمبلی کو نعروں کے لئے اکساتے رہے اور دیکھتے ہی دیکھتے پنجاب اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔

(جاری ہے)

ایوان میں شور شرابے سے کوئی دوسری آواز سنائی نہیں دے رہی تھی اور اسی شور شرابے میں صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے مالی سال 2017-18ء کا بجٹ پیش کر دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات