واسا نے رمضان میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایس او پی جاری کر دیا

پیر 14 مئی 2018 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) واسالاہور نے رمضان المبارک میں شہریوں کو سہولیات کی ہر ممکن فراہمی کے لئے ایس او پی جاری کر دیا۔ ایس او پی میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) اسلم خان نیازی کی ہدایات کے مطابق واسا لاہور کے 8ٹائونز کے ڈائریکٹر ز آپریشن رمضان المبارک کے دوران تمام شہر میں واٹر سپلائی ، سیوریج اور ڈرینجز سے متعلق آپریشن سسٹم کو موثر بنائیں گے ۔

ٹیوب ویل سحری سے پہلے صبح 2:00بجے چلا دیئے جائیں گے۔ سب ڈویژن آفسز میں سحری و افطار اور تراویح کے دوران ایک سب انجینئرڈیوٹی پر تعینات ہوگا جوکہ اس دوران واٹر سپلائی ، سیوریج اور ڈرینج کے عوامی شکایات کو سنے گا اور ان کے فوری حل کے لئے اقدامات کرے گا۔ سحری وافطاری اور تراویح کے دوران بجلی کی بندش کے باعث ٹیوب ویل جنریٹروں پر چلائے جائیں گے جن کی موجودگی ٹیوب ویلوں پر یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک میں خصوصاً مساجد کے ارد گرد کے ایریا میں سیوریج کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ مساجد کے ارد گرد سیور اوور فلو کا احتمال نہ ہو ایسے تمام علاقوں کا باقاعدہ سروے بھی کیا جائے گا۔ واسا کا عملہ تمام مین ہولوں کو چیک کرے گا اور گٹروں پر غائب اور ٹوٹے ہوئے ڈھکنوں کو فوری طورپر مہیا کرکے کور کیا جائے گا۔ واٹر سپلائی کے حوالے سے ٹیوب ویلوں کو مانیٹر کرتے ہوئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور واٹر شارٹیج کی شکایات پر فوری عمل کیا جائے گا ۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے تمام لاری ہائیڈرنٹس اور فائر ہائیڈرنٹس کو ہر وقت فنکشنل رکھا جائے گا پانی کی کمی جیسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واٹر بائوزرز کو بھی ہر وقت تیار رکھا جائے گا تاکہ صارفین کو ان کی ضروریات کے مطابق پانی مہیا کیا جا سکے۔ ڈی ایم ڈی اسلم خان نیازی نے ہدایت کی کہ تمام ایکسئین اور ایس ڈی اوز ہر پہلو سے اپنے علاقوں میں مستعید رہیںگے اور عوامی شکایات کا ہر ممکن ازالہ کریں گے۔ اس سلسلہ میں عملہ کی حاضری پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ایس او پی پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔