سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت وکیل کی عدم موجودگی کے باعث بغیرکسی کارروائی کے ملتوی کردی

پیر 14 مئی 2018 23:19

سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت وکیل کی عدم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت وکیل کی عدم موجودگی کے باعث بغیرکسی کارروائی کے ملتوی کردی ہے ، پیرکو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، سماعت شروع ہونے پر وزیر داخلہ برائے مملکت طلال چوہدری نے عدالت میں پیش ہوکرعدالت کواپنے وکیل کامران مرتضٰی کی جانب سے التوا کی درخواست پیش کی اوربتایا کہ ان کے وکیل کوئٹہ میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے ، اس لئے سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی جائے ، ان کامزید کہناتھا کہ میرے ساتھ والے حلقے کے رکن قومی اسمبلی کا انتقال ہو گیا ہے،لیکن میں عدالت میں پیشی کے باعث جنازے میں شرکت نہ کر سکا ،اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے پیش ہوکرعدالت کوآگا ہ کیا کہ آج ملزم کا 342 کا بیان قلمبند ہونا تھا، لیکن کہا جارہا ہے کہ ان کے وکیل حاضر نہیں ہوسکے ، جس پرعدالت نے کہاکہ آج ان کا مقدمہ لگا ہو ا ہے، وکیل کو عدالت میں موجود ہونا چاہئے تھا، بعدازاں عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی آئندہ سماعت پر وکیل کی حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔