ضلع ملتان میں ڈینگی مہم بھرپور انداز میں شروع کرنے کاحکم

پیر 14 مئی 2018 23:48

ملتان۔ 14مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے ضلع ملتان میں ڈینگی مہم بھرپور انداز میں شروع کرنے کاحکم دیا ہے اور ڈینگی ورکروں کو ممکنہ علاقوں میں لارو اکی سرویلنس کے لئے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے ڈینگی بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے دوران ڈینگی کا لاروا نشوونما پاتا ہے،اس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے محکمہ صحت اور متعلقہ ادارے اپنی سرگرمیاں تیز کردیں اور شہریوں میںبھی صفائی و ستھرائی کا شعور پیدا کریں کیونکہ مشترکہ کاوشوں کی بدولت ہی ہم اس موذی مرض پر قابو پاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں ڈینگی لاروا ملنے پر پراپرٹی سیل کردی جائے گی۔ ورکشاپس، کارخانوں، فیکٹریوں و دیگر مقامات کی سرویلنس جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اینڈرائیڈ موبائل سسٹم کے تحت ورکرز کی حاضریوں کو چیک کریں اور آپس میں منظم رابطوں کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ ہمیں اپنے شہری عزیز ہیں ہم ان کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔