نواز شریف اور مریم نواز کو کتنے سال قید کی سزا ہو گی؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 مئی 2018 11:59

نواز شریف اور مریم نواز کو کتنے سال قید کی سزا ہو گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ نواز شریف کا جو ٹرائل ہے اور نیب میں مقدمات چل رہے ہیں ،اس کے اندر جو صورتحال جا رہی ہے اس میں چاہے مہینہ لگے یا دو مہینے لگیں یا زیادہ وقت لگے ، ان کو سب صاف صاف نظر آ رہا ہے ۔ نواز شریف کے خلاف تین کیسز ہیں، جو الگ الگ ہیں لیکن ان کا فیصلہ اکٹھا سنایا جائے گا۔

ان سب کیسز کا فیصلہ اکٹھا ہی آئے گا، ایک اور بات یہ ہے کہ ان سب کیسز میں اگر ان کو چودہ سال کی سزا ہوتی ہے تو یہ 42 سال بنتے ہیں، اس کے علاوہ جرمانہ یا جائیداد کی ضبطگی وغیرہ بھی اس میں شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی صاحبزادی قانون کی اور نیب کی دسترس سے بچ نہیں پائیں گی ، یہ ایک تاثر دیا جا رہا ہے کہ کیسز میں سزا ہونے کے بعد ان کی بڑی جلدی ضمانت ہو جائے گی حالانکہ ایسا نہیں ہو گا ، اگر ان کو سزا ہو گئی تو ضمانت ہونے میں بھی کئی سال لگ سکتے ہیں ، ہو سکتا ہے کہ ان کو ایک سال یا دو سال کے بعد ضمانت ملے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو اب مستقبل میں اپنے آگے اندھیرا ہی اندھیرا نظر آ رہا ہے، نواز شریف اس قسم کی باتیں کر کے یہ سوچ رہے ہیں کہ شاید وہ مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق حالیہ بیان نے ملک میں ایک تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔ نواز شریف کے اس بیان پر اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ن لیگی نواز شریف کا دفاع کرنے میں ناکام ہیں، جبکہ پارٹی رہنما بھی پارٹی چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں، لیکن نواز شریف اپنے بیان پر قائم اور ڈٹے ہوئے ہیں یہاں تک کہ انہوں نے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ نواز شریف کے اس حالیہ بیان کو لے کر بھارت کو پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔