شاعری میں ثقافت تہذیب و تعلیم اور ماحول کو شامل کرنے سے شاعری کا دامن وسیع ہوجاتا ہے۔ ممتاز ادیبہ زہرہ نگاہ

بدھ 16 مئی 2018 22:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ممتاز ادیبہ و دانشورزہرہ نگاہ نے کہا ہے کہ شاعری میں ثقافت تہذیب و تعلیم اور ماحول کو شامل کرنے سے شاعری کا دامن وسیع ہوجاتا ہے، عشرت آفرین نے بھی اپنی کلیات میں ایسا ہی کیا اور ان کی شاعری کا دامن وسیع ہوگیا، نئے لکھنے والوں کو بھی ان چیزوں کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ معاشرہ میں اُردو ادب کو زیادہ سے زیادہ ترویج وپذیرائی مل سکے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں عشرت آفرین کی شاعری کی کتاب ’’زردپتوںکابن‘‘ کی تقریب رونمائی میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پروفیسر سحر انصاری ، ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، عقیل عباس جعفری، فاضل جمیلی اور آصف فرخی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

زہرہ نگاہ نے کہاکہ عشرت نے اپنی کلیات میں تعلیم کو اپنی شاعری کا اہم موضوع بنایا ہے اور ان موضوعات پر بہت زور دیا ہے جو آج کی عورت کے حوالے سے بے حد ضروری ہیں۔

پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ آج کے دور میں یونیورسیٹیوں میں تعلیم کے لیے تحقیقی اساتذہ کے ساتھ ساتھ فنون کے فروغ کے لیئے تخلیقی اساتذہ کی موجودگی بھی نا گزیر ہے۔ عشرت آفرین کی شاعری میں رومانیت سے ہٹ کر زندگی کی حقیقتوں پر بات کی گئی ہے اور ایسے الفاظ کا استعمال کیا ہے جس سے انکی شاعری پر کشش نظر آتی ہے۔ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہاکہ عشرت آفرین اپنے عہد کی ایک بہترین اور منفرد شاعرہ ہیں اور انکی شاعری میںفکر مندانہ انداز جاوداں نظر آتا ہے۔

آصف فرخی نے کہاکہ عشرت کی شاعری میں ترقی پسندی کا احساس نمایاں ہے اور انہوں نے اپنی شاعری میں زندگی کے مختلف پہلوئو ں کو اُجاگر کیا ہے۔ عقیل عباس جعفری نے عشرت آفرین کی شاعری کے حوالے سے کہا کہ ان کی شاعری میں ایک روشن کل کی اُمنگ نظر آتی ہے۔شاہدہ حسن نے کہا کہ آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سربراہی میں جوق در جوق کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

فاضل جمیلی نے کہاکہ عشرت آفرین نے اپنی شاعری کی بدولت نسائی آوازوں کے ہجوم میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔تقریب کے دوران کلیات- ’’زرد پتوں کا بن‘‘کی خالق عشرت آفرین نے اپنا کلام پیش کیا اور اپنی شاعری کے سفر کے حوالے سے گفتگو کی۔ بعدازاں انہوں نے تقریب کے تمام مہمانوں کو اپنی کلیات پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین یوتھ کمیٹی اسجد بخاری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور صدر محفل زہرا نگاہ کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔