رمضان بازاروں میں اشیاء خورونوش کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے،کمشنر

جمعرات 17 مئی 2018 20:14

ساہیوال۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرنے اور معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کیلئے ڈویژن بھر میں 17رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں تمام اشیاء صرف وافر مقدار میں صبح9 سے شام6بجے تک دستیاب ہونگی ، انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ایک اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں رمضان بازاروں میں اشیاء صرف کی دستیابی اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میںآر پی او ڈاکٹر طارق رستم چوہان‘ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام‘اے ڈی سی (ر) عبدالقدیر باجوہ اور اے سی جنرل اشفاق الرحمن خان کے علاوہ تینوں اضلاع کے انتظامی او رپولیس افسران نے شرکت کی ،کمشنر نے تینو ںاضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام رمضان بازاروں میں اشیاء صرف خصوصا پھل اور سبزیوں کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کی طرف سے چینی اور آٹے پر ملنے والی سبسڈی کا فائدہ عوام کو براہ راست پہنچایا جائے ،انہو ںنے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں گوشت اور پولٹری کے سٹال صبح 9سے 12بجے تک لگائے جائیں تا کہ عوام کو معیاری گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او ڈاکٹر طارق رستم چوہان نے بتایا کہ تمام رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ نماز فجر اور تراویح میں پولیس کی خصوصی گشت کو یقینی بنایا گیا ہے،کمشنر علی بہادر قاضی نے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں میں چینی اور آٹے کے علیحدہ سٹال لگائے جائیں تا کہ عوام بغیر کسی تکلیف کے رعایتی نرخوں پر چینی اور آٹا خرید سکیں ،انہوں نے عورتوں اور بوڑھوں کیلئے علیحدہ انتظام کرنیکی بھی ہدایت کی ۔