کوئٹہ میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل سہیل عابد راجہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

جمعرات 17 مئی 2018 20:14

بوریوالہ۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) کوئٹہ میں گزشتہ شب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کرنل سہیل عابد راجہ کی نماز جنازہ وہاڑی کے قریب ان کے آبائی گائوں چک 91ڈبلیو بی ملتان روڈ میں ادا کی گئی قبل ازیں شہید کا جسد خاکی آرمی کے دو سیسنا طیاروں کے ذریعہ ٹھینگی ایئر بیس پہنچا اور وہاں سے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے قافلے کے ہمراہ 91ڈبلیو بی پہنچایا گیا جسے شہید کے بوڑھے والد راجہ جاوید عابداور چھوٹے بھائی راجہ شہزاد عرف منوں نے وصول کیا۔

نماز جنازہ کے وقت آرمی اور سیکورٹی اداروں کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ،نماز جنازہ میں گریژن کمانڈر میلسی بریگیڈیئر جواد احمد ذکاء،شہید کرنل کے کورس میٹ بریگیڈیئر شہزاد احمد بہاولپور،کرنل اشفاق احمد میلسی ،کرنل کامران ،ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی ،ڈی پی او عمر سعید ملک ،مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما تہمینہ دولتانہ ،ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری ،ممبر پنجاب اسمبلی میاں ثاقب خورشید کے بھائی میاں آصف خورشید،اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رائو تسلیم اختر ،اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی سید آصف شاہ،ڈی ایم او خضر حیات بھٹی ،کرنل شہید کے دوست فرید بخش چشتی آف ناروے چیئر مین بلدیہ وہاڑی ،چیئر مین یونین کونسل رائو شبیر عرف بلو خان،شاہد اکبر طور کے علاوہ اعلیٰ سول ،آرمی افسران ،منتخب عوامی نمائندوں اور علاقہ بھر کے نمائندہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹھینگی ایئر بیس پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی، نماز جنازہ کے بعد بریگیڈیئر جواد احمد ذکاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دفاع وطن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں کرنل سہیل عابد کی عظیم شہادت پر فخر ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔