مسلم لیگ (ن) بچائو تحریک کے ملک مہابت اعوان کو جرگہ نے این اے 16 سے امیدوار نامزد کردیا

جمعرات 17 مئی 2018 20:48

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) بچائو تحریک کے ملک مہابت اعوان کو گرینڈ جرگہ نے حلقہ این اے 16 سے امیدوار نامزد کر کے مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ بانڈہ پھگواڑیاں میں ایک گرینڈ مشاورتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جرل، پاوا، پنڈ کرگو خان، حویلیاں اور ایبٹ آباد شہر کی اہم شخصیات ممبر ضلع کونسل ملک آصف اعوان، ملک صفدر، شکیل تنولی، حاجی اخلاق، حاجی قیصر رفیق، ارشاد کیانی، محمد اسحق، ملک رب نواز سمیت سابق ناظم یونین کونسل کیہال اربن یونس عباسی، صدائے پاکستان پارٹی کے سربراہ ملک گلنواز، مسلم لیگ (ن) بچائو تحریک کے ممبران، بانڈہ پھگواڑیاں کے عمائدین سمیت سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

اس موقع پر این اے 16- سے متفقہ طور پر ملک مہابت اعوان کا نام پیش کر کے الیکشن میں بھرپور طریقہ سے ساتھ نبھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گرینڈ مشاورتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک مہابت اعوان نے کہا کہ عوام کو 35 سالوں سے بربادیوں کے سوا کچھ نہیں دیا گیا، غلطی کہاں ہے اور کیوں بھٹک رہے ہیں اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ہم ذاتی و برادری میں تقسیم اور الجھ کر ناکام ہوئے ہیں، قوم کا لیڈر قوم کا خادم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے حقوق کیلئے پہاڑوں سے ٹکر لگانے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔