رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھرکے ممالک کو ایک جذباتی پیغام

سوشل میڈیا پر موجود ایک اشتہار نے صارفین کو آبدیدہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مئی 2018 15:08

رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھرکے ممالک کو ایک جذباتی پیغام
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2018ء) : رمضان المبارک کی آمد پر سوشل میڈیا صارفین کی نظر سے کئی اشتہارات گزرے جنہوں نے ان کے دل میں گھر کر لیا ، ایسے اشتہارات میں رمضان المبارک کی اہمیت، صلح رحمی سمیت دیگر کئی سبق دئے گئے لیکن گزشتہ رات سوشل میڈیا پر ایک اور اشتہار پوسٹ کیا گیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کر دیا ۔ اس اشتہار میں ایک مسلمان بچے کو دکھایا گیا ہے جو دنیا کے طاقتور لیڈران کے پاس جا کر انہیں بتاتا ہے کہ رمضان المبارک ہے اس لیے میں آپ کو اپنے ساتھ افطاری کی دعوت دیتا ہوں، اس ویڈیو میں موجود بچہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی توجہ اپنے گھر کے ملبے ، رمضان المبارک اور سمندر میں تیرتی ہوئی کشتیوں کی طرف مبذول کرواتا ہے جن پر سوار لوگ کئی مشکلات کا سامنا کر کے ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں، اس اشتہار میں موجود بچہ دنیا کے لیڈرز کو یہ بتانے کی کوشش کرتا ہے کہ یہ سب دیکھ کر میں رات کو سو نہیں پاتا، کیونکہ جب جب میں اپنی آنکھیں بند کرتا ہوں، مجھے بمباری کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، مجھے اپنا بستر آگ اور دھوئیں کی لپیٹ میں جلتا ہوا نظر آتا ہے، اس ڈر سے بچے روتے ہیں ، کوئی بھاگ نہیں پاتا اور ہمارے کھلونوں پر بھی خون بہہ جاتا ہے، اس ویڈیو میں برما اور شامی مسلمانوں کی جانب دنیا بھر کے لیڈرز کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اور کہا گیا ہے کہ ہم فرار ہوتے ہیں ، ختم ہو جاتے ہیں، اور مجرم بھی ہم ہی ہیں، کیونکہ ہم پر ایمان رکھنے، عقیدت رکھنے کا الزام ہے، ہمیں قتل کر دیا گیا ہے ، ہماری آوازوں کو دبا دیا گیا ہے۔ساڑھے تین منٹ کی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں، اس ویڈیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جنوبی کوریا کے صدر، روسی صدر پیوٹن سمیت دیگر کو مخاطب کیا گیا ہے۔اس ویڈیو کو مشرق وسطٰی کی معروف موبائل اور ڈیٹا سروس آپریٹر ''زین'' نے بنایا ہے۔ اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: