نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کریں گے ،ْخورشید شاہ

جمعہ 18 مئی 2018 16:02

نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کریں گے ،ْخورشید شاہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا تاہم نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان منگل کو کیا جائیگا۔وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہاکہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں ، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیں گے۔وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دے دی جس پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے نام پر بحث کریں گے۔