نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی،

پہلا یونٹ ایک ماہ میں نیشنل گرڈ کو 242.25میگاواٹ بجلی مہیا کرے گا، پراجیکٹ ٹیسٹ رن کے دوران ابتک قومی گرڈ کو 2کروڑ 30 لاکھ یونٹ بجلی مہیا کرچکا ہے

جمعہ 18 مئی 2018 17:24

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ نے ریلائی ایبلٹی ٹیسٹ کی تکمیل اور ایڈجسٹمنٹ کے مراحل سے گزرنے کے بعد نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع کردی ،اس یونٹ کا ریلائی ایبلٹی پیریڈ ایک ماہ پرمحیط ہے اور اس دوران یہ یونٹ قومی نظام کو اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق242.25میگاواٹ بجلی مہیا کرے گا، جس کے بعد اس یونٹ کا کمرشل آپریشن شروع ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

واپڈا ترجمان کے مطابق دو روز قبل منصوبے کے یونٹ نمبر 2کے بھی مکنیکل رن ٹیسٹ شروع کئے جاچکے ہیںاور توقع ہے کہ اگلے ہفتے اس یونٹ کو بھی نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی، منصوبے کے یونٹ نمبر 4کو اپریل میں آزمائشی بنیاد پر چلایا گیا تھا اور اس یونٹ نے اپنے ٹیسٹ رن کے دوران قومی نظام کو تقریباً 13لاکھ یونٹ بجلی مہیا کی تاہم اس یونٹ کے ٹیسٹ رًن کے دوران دو چھو ٹے پرزوں میں تکنیکی خرابی پائی گئی جس کو دور کرنے کے لئے ان دونوں چھوٹے پرزوں کو تبدیل کیا جارہا ہے اور اس مقصد کے لئے چین میں موجود مینو فیکچررکو کنٹریکٹر کی جانب سے آرڈر دیا جا چکا ہے،توقع ہے کہ اس یونٹ سے بھی اگلے تین چار ماہ میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی،یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ٹیسٹ رًن کے دوران قومی نظام کو مجموعی طور پر 2کروڑ 30لاکھ یونٹ بجلی فراہم کرچکا ہے،نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واپڈا کے پانی اور پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے ترجیحی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی نظام میں پن بجلی کی شرح میں اضافہ کرنا ہے ،نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت نوسیری کے مقام پر 60 میٹر بلند اور 160 میٹر طویل کمپوزٹ ڈیم تعمیر کیا گیا ہے ، ڈیم سے 52 کلو میٹرطویل سرنگوں پر مشتمل واٹر وے سسٹم کے ذریعے دریائے نیلم کے پانی کو بجلی پیدا کرنے کے لئے چھتر کلاس کے مقام پر تعمیر کئے گئے زیر زمین پاور ہائوس تک منتقل کیا جاتا ہے ، پاور ہائوس میں پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کیلئے 525کلو وولٹ صلاحیت کا سوئچ یارڈ اور ٹرانسمیشن لائن بھی تعمیر کی گئی ہے ، نیلم جہلم سے نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً 5 ارب یونٹ سستی بجلی فراہم کی جائے گی ، منصوبے سے سالانہ 55 ارب روپے کے فوائد حاصل ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :