رمضان المبارک غم خواری، بخشش ،معافی اورسخاوت کا مہینہ ہے ،مولانا سید عبد الخبیر آزاد

جمعہ 18 مئی 2018 17:24

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد لاہور میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے اجتماع سے خطیب بادشاہی مسجد وچیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ رمضان المبارک کا ماہ مبارک عطا ء فرمایا جو بخشش، معافی، سخاوت اور ایک دوسرے کی غم خواری کا مہینہ ہے ،روزے کا مقصد تقویٰ ہے اور رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کاہے، دوسرا مغفرت کا تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے خلاصی کا ہے، اس ماہ میں اللہ تعالیٰ کی رحمت جوش میں ہوتی ہے ،حضرت ا بوہریرہ ؓ روایت فرماتے ہیں کہ آپ ؐ نے فرمایا کہ میری امت کو رمضان شریف کے بارے میں پانچ چیزیں مخصوص طور پر دی گئی ہیں جو پہلی امتوں کو نہیں ملیں،یہ کہ ان کے منہ کی بدبو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے، یہ کہ ان کیلئے دریا کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیںاور افطار کے وقت تک کرتی رہتی ہیں،جنت ہر روز ان کیلئے آراستہ کی جاتی ہے،پھر حق تعالیٰ شانہ فرماتے ہیں کہ قریب ہے کہ میرے نیک بندی(دنیا کی) مشقتیں اپنے اوپر سے پھینک کرتیری طرف آئیں،اس میں سرکش شیاطین قید کر دیئے جاتے ہیں کہ وہ رمضان میں ان برائیوں کی طرف نہیں پہنچ سکتے۔