یونین کونسل دیوال منال کے گائوں موہری بڈبین میں گرینڈ مشاورتی جرگہ کا انعقاد ،

مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان، سمیت اہم شخصیات کی شرکت

جمعہ 18 مئی 2018 18:50

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) یونین کونسل دیوال منال کے گائوں موہری بڈبین میں گرینڈ مشاورتی جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔ جرگہ میں وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان، رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، تحصیل ناظم ارسل پرویز، ممبران ضلع کونسل سردار شمیم، سردار مشتاق، سردار جان شیر خان و دیگر نے شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس میں حلقہ این اے 15 اور پی کے 37 کے حوالہ سے امیدواروں پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی قائدین، بلدیاتی نمائندگان اور معززین علاقہ نے اس موقع پر کہا کہ جن کے پاس مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ اور انتخابی نشان شیر ہو گا وہی ہمارا امیدوار ہو گا اور اس کے ساتھ بھرپور سپورٹ کریں گے۔ مشاورتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ ملکی حالات بڑے مشکل ہیں، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم نے ہمیشہ ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں عوام ووٹ مسلم لیگ (ن) کو دیں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔