سپریم کورٹ، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے درخواست دائر کردی

جمعہ 18 مئی 2018 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے درخواست دائر کردی ہے جس میں مو قف اپنایا گیا کہ درخواست گزار نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست دی تھی جو خارج کردی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق کے برعکس اور قانونی تقاضوں کے خلاف ہے اس لئے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر ضمانت قبل از گرفتاری دی جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس کانسٹیبلز کی بھرتیوں میں بطور آئی جی سندھ میرا کوئی کردار نہیں تھا کیو نکہ پولیس کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا مجاز افسر متعلقہ اضلاع یا پولیس یونٹ کا ایس پی ہوتا ہے، اس لئے ان غیر قانونی بھرتیوں کے سلسلے میں درخواست گزار کو ذمہ دار نہیںٹھہرایا جا سکتا، دوسری جانب سندھ پولیس میں گیارہ سو انہتر سے زائد کانسٹیبلز کی بھرتیاں ان کے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہوئی ہیں، بطور پولیس آفیسر میرا ریکارڈ شفاف ہے۔