ہول سیل فروٹ مارکیٹ کے مسائل فوری حل کئے جائیں، شیخ عامر وحید

سی ڈی اے لیز کی تجدید کے طریقہ کار کو آسان بنائے، بابو محمد علیم

جمعہ مئی 21:38

ہول سیل فروٹ مارکیٹ کے مسائل فوری حل کئے جائیں، شیخ عامر وحید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں آئی الیون فور اسلام آباد کا دورہ کیا اور انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے نومتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔بابو محمد علیم انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے صدر ، طاہر ایوب جنرل سیکرٹری، حاجی نادر خان اور حاجی دلاور خان سینئر نائب صدور، حافظ عبدالوحید اور سید ولی جان نائب صدور، چوہدری ذوالفقار احمد اڈیشنل جنرل سیکرٹری ، احسان اللہ خان سیکرٹری فنانس، چوہدری اظہار رائوف سیکرٹری اطلاعات اور سید افضل بخاری جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔

وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، احمد مغل، راجہ عبدالمجید، خالد چوہدری ، افتخار انور سیٹھی، محمود احمد وڑائچ، اشفاق چھٹہ، شیخ عبدالوحید، طاہر محمود، شیراز احمد صدیقی،سید عادل انیس اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ اسلام آباد کی ہول سیل فروٹ مارکیٹ راولپنڈی و اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کی فروٹ و سبزی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان اور سنٹرل ایشیائی ممالک کی طرف سبزیوں و پھلوں کی برآمدات کو بھی فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فروٹ مارکیٹ کے اہم مسائل کو حل کرنے کی طرف فوری توجہ دیں تا کہ یہ مارکیٹ کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو مزید بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کرے۔

انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر فروٹ مارکیٹ کے مسائل حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزمرہ اشیاء کی مہنگائی کی ذمہ دار مارکیٹ کمیٹی ہے جس نے آئی الیون فور کو ہول سیل مارکیٹ سے ریڑھی بازار میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کا اختیار صرف ہول سیل مارکیٹ تک ہے جبکہ شہر بھر میں صنعتکاروں اور تاجروں کو لائسنس کیلئے نوٹس جاری کئے گئے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔

ڈی ایم اے اور مارکیٹ کمیٹی کا کیس ہائی کورٹ میں ہے۔ انہوں نے چیف کمیشنر اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلے تک لائسنس فیس کے لئے جاری کردہ غیر قانونی نوٹس فوری واپس لئے جائیں۔ انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے نومنتخب صدر بابو محمد علیم اور جنرل سیکرٹری طاہر ایوب نے اپنے خطاب میں مبارک باد پیش کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک ، نائب صدر نثار مرزا اور وفد کے دیگر اراکان کا شکریہ ادا کیا اور فروٹ مارکیٹ کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ فروٹ مارکیٹ کی تاجر برادری کو سی ڈی اے سے پلاٹوں کی لیز کی تجدید کرانے میں کافی مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ ادارے نے اس عمل کو کافی مشکل بنایا ہوا ہے لہذا چیمبر سی ڈی اے کے ساتھ بات چیت کر کے لیز کی تجدید کے عمل کو آسان بنانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماکیٹ میں کئی سالوں سے سی ڈی اے نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر فروٹ مارکیٹ میں صفائی کا نظام بہت ناقص ہے جس سے مارکیٹ میں کافی گندگی پائی جاتی ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ فروٹ مارکیٹ کی ترقی اور صفائی کا نظام بہتر کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔