مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع خوری کرنے والے بازآجائیں بصورت دیگر ان کی عید حوالات میں گزرے گی،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 18 مئی 2018 22:35

ملتان۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنے کے لئے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں 40سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پورے شہر میں چھاپے ماررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع خوری کرنے والے بازآجائیں بصورت دیگر ان کی عید الفطر حوالات میں گزرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا کہ وہ اپنی نگرانی میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کی نگرانی کریں گے اور سستی اشیاء خوردونوش کی رمضان بازاروں میں سپلائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ خریدار کو براہ راست فائدہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضا ن المبارک کے دوران تمام ضلعی آفیسران کی ڈیوٹیاں مختلف رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں و منڈیوں میں لگائی گئی ہیں تاکہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنا کر عام آدمی کو ریلیف دیا جاسکے۔ زاہد سہیل نے کہا کہ ملتان کے رمضان بازار صوبے بھر کے بہترین بازاروں میں شامل ہیں جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں شہری خریداری کرتے ہیں۔ یہ ضلعی انتظامیہ کے لئے اعزاز اور حوصلہ افزاء بات ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔