فلسطین کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اقوام متحدہ فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ‘اعجاز احمد چوہدری

عالم اسلام القدس پر امتحان میں ناکام ہو چکا ،بیت المقدس پر قبضے پر خاموشی اختیار کرنے والی اقوام متحدہ ظلم و ستم میں برابر کی شریک ہے

ہفتہ 19 مئی 2018 17:42

فلسطین کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اقوام متحدہ فلسطینیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنمااعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کاقتل عام انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ سے ہزاروں افراد کی شہادت عالمی برادری کی بے حسی کامنہ بولتاثبوت اور امن کے علمبردار ممالک،این جی اوز کے منہ پرزوردار تمانچہ ہے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بیت المقدس پر قبضے پر خاموشی اختیار کرنے والی اقوام متحدہ ظلم و ستم میں برابر کی شریک ہے،عالم اسلام القدس پر امتحان میں ناکام ہو چکا ہے، القدس کے امتحان میں صرف عالم اسلام ہی نہیں پوری انسانیت ناکام رہی،اسرائیل کیخلاف کوئی قدم نہ اٹھانے والی اقوام متحدہ قانونی حیثیت کھو چکی ہے، بے گناہ افراد کے قتل پر اسرائیل کا احتساب ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں وحشیانہ اقدامات اٹھاتے ہوئے دہشت گرد ریاست ہونے کا ثبوت دے رہا ہے، القدس کا تحفظ امن اور انسانیت کا تحفظ ہے۔ القدس کا تحفظ امن اور انسانیت کا تحفظ ہے، خونریزی کرنے والوں کو روکنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ فلسطینی بھائیوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں، اسرائیل کے خلاف کھڑا ہو کر ثابت کرنا ہو گا دنیا میں انسانیت زندہ ہے۔

اسرائیل نے جو کیا وہ بدمعاشی، ظلم اور ریاستی دہشت گردی ہے۔ فلسطینیو ںکے ساتھ یکجہتی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اپنے حقوق خود نہیں لیں گے کوئی ہمیں نہیں دے گا۔ صرف مذمت فلسطینی قتل عام، اسرائیلی قبضے کو ختم نہیں کر سکتی۔ مسلمان اسرائیل کے خلاف عملی اقدام کی طرف دیکھ رہے ہیں، القدس کا مسئلہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے، القدس کو ظالموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، معصوم انسانوں کے خون ک حساب ایک دن لازمی طور پر عدالت کے سامنے دینا ہو گا۔

مسئلے کی مذمت، ناراضگی کا اظہار اور چیخنے چلانے سے کچھ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اقوام متحدہ فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔