پشاور میں بجلی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر ن کر رکھی ہے،عتیق الرحمن

ہفتہ 19 مئی 2018 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل پشاور میں متبادل قیادت کی صورت میں سامنے آئے گی اورپشاورکے عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر کے پشاور کو خوبصورت شہر میں تبدیل کریں گے ، پشاور میں بجلی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر ن کر رکھی ہے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حکومتی اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی حکومت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی لوڈشیڈنگ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جو حکومت کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے،سحری اور افطاری میں لوڈشیڈنگ ظالمانہ اقدام ہے ۔

وہ دفتر جماعت اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

عتیق الرحمن نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہیں مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔اشیاء خوردونوش اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ ہوچکا ہے۔غریب عوام کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام کرنامشکل ہوگیاہے۔ حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے سستے رمضان بازاروں میں ناقص اور مقررکردہ قیمتوں سے زیادہ اشیائے خوردونوش کی فروخت کرنے کی شکایات بھی آ رہی ہیں مگراس حوالے سے حکومتی اقدامات کہیں بھی نظر نہیں آتے۔

رمضان بازاروں کے علاوہ عام بازاروں میں بھی سرکاری نرخوں پرسختی سے عمل درآمدکروایاجائے اورضروریات زندگی کی اشیاء کی سستی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔ انہوںنے کہاکہ شہر کے اکثرعلاقوںمیںنمازتراویح اورسحروافطاری میں بجلی غائب ہونے سے لوگ سراپااحتجاج ہیں۔رمضان کے بابرکت مہینے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے تمام حکومتی دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔