مقبوضہ کشمیر: مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت

اتوار 20 مئی 2018 16:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے اتحاد و اتفاق کے راستے پر گامزن رہیں اور تحریک آزادی کے حوالے سے ہر حال میںاتحاد و اتفاق پر قائم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں رہنماکشمیریوں کے باہمی اتحاد و اتفاق کے جذبے کے بہترین ترجمان تھے اور انہوں نے اپنی زندگیوں میں ظلم و جبر کے خلاف مسلسل جدوجہد جاری رکھنے کا سبق دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ان عظیم شہداء کی قربانیوں سے مزّین ہے اِسی لئے اس تحریک کو شکست دینا کسی کے بس میں نہیں ہے۔ سینئر حریت رہنما مولانا عباس انصاری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور کسی کو بھی عظیم قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

جموںوکشمیر پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلاس کے دوران میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ محمد شفیع ریشی نے کہا کہ دونوں شہید رہنما کشمیریوں کی محکومیت کے خلاف ساری زندگی جدوجہد کرتے رہے ۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگرمیں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عز م وہمت کے ساتھ تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔بار کے ارکان نے اپنا یہ عہد دہرایا کہ وہ کشمیری شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار بھر پور طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔ جموںوکشمیر محاذ آذادی کے صدر محمد اقبال میر اور نائب صدر قطب عالم نے اپنے مشترکہ بیان میں شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :