ون ویلنگ کے متوالوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری، 4موٹر سائیکل مکینکس کے خلاف بھی مقدمات درج

پیر 21 مئی 2018 22:08

راولپنڈی21مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ون ویلنگ کے متوالوں کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن میں 4موٹر سائیکل مکینکس کے خلاف بھی مقدمات درج کر لیے گئے ،ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کے روک تھام کے سخت ترین اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ ۔سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے گذشتہ روز مری روڈ پر موجود غیر قانونی موٹر سائیکل ورکشاپس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا اور 04دکان داروں کے خلاف روڈ پر موٹر سائیکل ریپئرنگ کی غرض سے موٹر سائیکل ورکشاپس کی تجاوزات کرکے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے پر تعزایرتِ پاکستان کی سیکشن 341کے تحت04 ایف آئی آر درج کر لی گئیں۔

03تھانہ وارث خان اور 01ایف آئی آر تھانہ سٹی میں درج کر لی گئیں جبکہ روڈ پررکھا گیا سامان قبضہ پولیس میں لے کر ٹی ایم اے آفس میں جمع کروا دیاہے یہ آپریشن لیاقت باغ سے ناز سینما ٹرن دونوں جانب عمل میں لایا گیا ڈی ایس پی ٹریفک سٹی سرکل جنید محسن اور سیکٹر انچارج مری روڈ رفیع راٹھور اور وارڈن افسران نے بھر پور قانونی کاروائی کی گئی ۔

(جاری ہے)

سی ٹی او ایس ایس پی بلال افتخار نے بتایاکہ مری روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک روانی کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کی بدولت عوام الناس کو آن گرائونڈ پہلے سے زیادہ بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اس سلسلے میں تمام سرکل انچارجز اور سیکٹر انچارجز کو ٹریفک بہائو کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جن کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جار ہی ہے انہوںنے بتایا کہ مری روڈ پر موجود غیر قانونی موٹر سائیکل ورکشاپس کے خلاف آپریشن جاری رہے گا ۔

واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے خصوصی سکواڈ نے مری روڈ پر سحری کے بعد ون ویلنگ کے خلاف آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے ۔اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے اے پی پی کو بتایاکہ رمضان المبارک کے دوران بلخصوص سحری کے بعد مری روڈ ، فلائی اوورز، پشاور روڈ ، مال روڈ ، ایئر پورٹ روڈ اور دیگر شاہراہوں پر ون ویلنگ کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کا مشترکہ خصوصی سکواڈ مختلف مقامات پر تعینات ہے جو ون ویلنگ کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لا رہا ہے انہوں نے بتایاکہ ون ویلنگ قانوناًً جرم ہے اور قیمتی زندگی کے ساتھ خطرناک کھیل بھی اس لئے ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہے ۔